ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل کے چوروں کی کہانی - کیا کہتا ہے کنڑا روزنامہ کراولی منجاو !

بھٹکل کے چوروں کی کہانی - کیا کہتا ہے کنڑا روزنامہ کراولی منجاو !

Sat, 18 May 2024 14:23:50    S.O. News Service

بھٹکل 18/ مئی (ایس او نیوز) کاروار سے شائع ہونے والا ضلع اُترکنڑا کا معروف کنڑا روزنامہ   کراولی منجاو  نے اپنے سرسی رپورٹر راجو کانسور کی ایک رپورٹ کو اپنے فرنٹ صفحہ پر شائع کیا ہے جس میں بھٹکل کے عادی چوروں کی کہانی بیان کی گئی ہے ۔ 

    اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق بھٹکل کے محمد رحیق محمد غوث (24 سال)، محمد تبریز محمد غوث (25 سال) اور ابرار شیخ محی الدین شیخ نامی نوجوانوں پر مشتمل عادی چوروں کی گینگ کو سرسی پولیس نے فلمی انداز میں گرفتار کیا ہے ۔ چوروں کی اس ٹولی کا طریقہ کار یہ ہے کہ وہ جس شہر میں چوری کی واردات انجام دینا چاہتے ہیں، وہاں کا سفر اختیار کرتے وقت ایک نوجوان لڑکی کو اپنے ساتھ رکھتے ہیں اور اس شہر یا مقام پر پہنچ کر دن بھر کسی ہوٹل یا لاڈجنگ میں دن بھر لڑکی کے ساتھ عیش کرتے ہیں اور پھر آدھی رات کو لڑکی کو ہوٹل کے کمرے میں چھوڑ کر چوری کی واردات انجام دینے کے لئے نکل پڑتے ہیں ۔ 

    رپورٹ کے مطابق چند دن قبل سرسی کے کوالٹی وائن اور بھارت گیس کے دفتروں کے شٹر توڑ کر اندر گھسنے کے بعد چوروں نے لاکھوں روپیوں پر ہاتھ صاف کرتے ہوئے راہ فرار اختیار کی تھی ۔ اس تعلق سے سرسی شہری پولیس اور سرسی بازار پولیس تھانے میں الگ الگ معاملے درج کیے گئے تھے ۔ دونوں پولیس اسٹیشنوں کے سب انسپکٹروں کے ساتھ مل کر سرکل پولیس انسپکٹر ششی کانت شرما نے تحقیقات شروع کی اور خصوصی تربیت یافتہ اہلکاروں کی ٹیم کی مدد سے چوروں کی اس ٹولی کو گرفتار کرنے میں انہیں کامیابی ملی ۔ 

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اڈپی ضلع میں ہیریاڈکا چوری کے معاملے میں جیل میں قید رہنے والے ان مجرموں کو ایک مرتبہ جب تحقیقات کے لئے لایا جا رہا تھا تو یہ لوگ پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے ۔ پھر بھٹکل کو مرکز بنا کر انہوں نے چوری کی وارداتیں انجام دینا شروع کیا ۔  اس سے قبل ان لوگوں نے بھٹکل، منی پال، برہماور، بیندور وغیرہ میں چوری کی وارداتیں انجام دی ہیں اور ان علاقوں میں پولیس ان کی تلاش میں لگی ہوئی تھی ۔ اس سے  بچنے کے لئے اب انہوں نے سرسی اور اطراف کے علاقوں کا نشانہ بنایا تھا ۔ مگر سرسی پولیس انہیں گرفتار کرکے جیل بھیجنے میں کامیاب ہوگئی ہے ۔ 

    دیکھنا یہ ہے کہ عادی چوروں کی یہ ٹولی کتنے دن جیل کی سلاخوں کے پیچھے گزارتی ہے اور کتنے دنوں کے لئے لوگ ان کی کارستانیوں سے بچنے میں کامیاب رہتے ہیں ۔ 


Share: